پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے ’سیاست کو مکمل طور ہر چھوڑنے‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی بنیادی رُکنیت سے بھی مستعفی ہو رہے ہیں۔
سنیچر کو ایکس (ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ’ایک دہائی سے زیادہ عوامی زندگی گزارنے کے بعد میں نے سیاست کو مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متقق نہیں ہوں اور ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں۔‘
خیال رہے 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں کے بعد اسد عمر 24 مئی کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور کور کمیٹی کی رُکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔
اس وقت کی گئی ایک پریس کانفرنس میں اسد عمر نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس دن جو مناظر دیکھنے کو ملے وہ نہ صرف قابل مذمت بلکہ لمحہ فکریہ ہیں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہییں، جو ذمہ دار ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے اور جو ہزاروں بے گناہ افراد گرفتار ہیں انہیں رہا کیا جائے۔‘