
سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر محمد شعیب سے بابا گرونانک کے جنم دن پر آنیوالے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات
سیکرٹری انسانی حقوق کی سکھ وفد کو بابا گرو نانک کی سالگرہ کی مبارکباد ، محکمہ انسانی حقوق اور یوتھ ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کی جانب سےسکھ یاتریوں کے اعزاز میں عشائیہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر محمد شعیب سے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے امریکہ اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد نے ملاقات کی۔ محکمہ انسانی حقوق اور یوتھ ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا ۔ یوتھ ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے سربراہ شاہد رحمت نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا جبکہ ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف نے سکھ برادری کے لیے محکمہ کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔
ملاقات میں سکھ یاتریوں نے لاہور، ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں سکھ برادری کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال اور مذہبی رسومات کی ادائیگی میں محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور کی خدمات کو بے حد سراہا۔ سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے لیے دنیا بھر میں محفوظ ترین ملک ہے،پاکستان بالخصوص لاہوریوں کی بھرپور مہمان نوازی کو سراہتے ہیں۔ سکھ مہمانوں نے کہا کہ گردواروں کی دیکھ بھال کیلئے پنجاب حکومت بالخصوص وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے سکھ یاتریوں کو ویزا آن آرائیول اور ٹورز کا خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کر کے ہمارے دل جیت لیے ہیں ۔ اسی لئیے ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے جنم استھان، کرتار پور اور لاہور میں بہترین سکیورٹی انتظامات کی بھی تعریف کی۔سیکرٹری انسانی حقوق نے وفد کو بابا گرو نانک کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ یہ بڑا خوشی کا موقع ہے اور ہر سال سکھ برادری کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پرانے گردواروں اور قدیمی حویلیوں کی تعمیر و بحالی کا سلسلہ شروع کرنے جارہے ہیں تاکہ سکھ بھائیوں کو حقیقت میں اپنا ہی گھر محسوس ہو جبکہ ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کے لئے کمیونٹی سینٹر بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ سکھ وفد نے سیکرٹری انسانی حقوق اور دیگر کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بابا گرو نانک کی سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جسکو سیکرٹری انسانی حقوق نے قبول کرلیا۔وفد میں لاڈی اولکھ،کنولجیت کور اولکھ،اونیت کور اولکھ، کرمندر دھالیوال، سوکھم دھالیوال، نرمل سدھو، ہرجیت کور سدھو،دلباغ سنگھ، پریتم سنگھ، گرمیت کور، بلجیت کور سدھو، پرمجیت کور، کمل جیت کور گل،ہردیال سنگھ کانگ، کنولجیت کور کانگ،سمرن کور کانگ، رمن جیت کور، وکرم سنگھ اور ہرپریت کور شامل تھے۔