آج پوری امت مسلمہ فلسطین وغزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،غزہ کے مسلمانوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض عین ہے
پیغام پاکستان تمام مسالک کے مفتیان کرام کا متفقہ فتویٰ ہے جس نے انتہاء پسندی،پاکستان میں مسلح جدوجہد اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا ہے
پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): مجلس علماء پاکستان /انٹر فیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان کے زیر اہتمام فلیٹی ہوٹل لاہور میں قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور /چیئرمین مجلس علماء پاکستان سفیر امن مولانا سیدمحمد عبدالخبیر آزاد نے فرمائی،کانفرنس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان انیق احمد جبکہ مہمان خاص وفاقی وزیر وزارت انسانی حقوق پاکستان خلیل جارج تھے،کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام،مذہبی راہنماء وسماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا جن میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمن،سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری،لیاقت بلوچ،چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،سہیل وڑائچ،علامہ زبیر احمد ظہیر،علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری،ڈاکٹر سرفراز اعوان،علامہ ارشد نیاز،علامہ افضل حیدری،فادر جیم چنن،بشپ ندیم کامران، مفتی مبشر احمد،مولانا مسعود قاسم قاسمی،علامہ کاظم رضانقوی، مولاناسردار محمد خان لغاری،علامہ محمدرشید ترابی،پنڈت بھگت لعل،علامہ آصف اکبر قادری،مفتی فتح محمد راشدی،علامہ مختیار احمد ندیم،طاہر لطیف،غلام رسول، مفتی محمد شفیق اعوان،مفتی محمد کریم خان،مولانا ظفراللہ شفیق،مولانا احسان اللہ تبسم،ملک منصف اعوان،احمد جمیل راشد،قاری علیم الدین شاکر،پیر رضوان نفیس،غلام حسین گیلانی،صاحبزادہ سید عبدالبصیر آزاد،پروفیسر ظفراللہ جان ودیگر حضرات موجود تھے،کانفرنس سے وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کو قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، انھوں نے کہا کہ اسلام امن و محبت،سلامتی،اخوت اور رواداری کو عام کرنے کی بات کرتا ہے،آج پاکستان جن چیلنجز سے گزرہا ہے اس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور پیغام پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے،وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے،ملک دشمن طاقتوں کی تمام سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے،ہم پاکستان کی سلامتی وتحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،آج پوری امت مسلمہ فلسطین وغزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،غزہ کے مسلمانوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض عین ہے،کانفرنس سے سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،پیغام پاکستان،پاکستان کاو ہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،علماء کرام اور عوام متحد ہوکر وطن عزیزپاکستان کے عزائم خاک میں ملا دیں گے،آج ملک پاکستان کو اتحاد وحدت کی اشد ضرورت ہے،پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جسے پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے پیغام پاکستان نے دہشت گردی کی کمر کو توڑا ہے،تشدد سے پاک معاشرہ،مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور پیغام پاکستان کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے،پیغام پاکستان تمام مسالک کے مفتیان کرام کا متفقہ فتویٰ ہے جس نے انتہاء پسندی،پاکستان میں مسلح جدوجہد اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا ہے،افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام ادارے ملک و قوم کیلئے باعث فخر ہیں،افواج پاکستان ہمارا فخر ہے،آج پوری قوم اپنے سپہ سالار آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کے تحفظ و امن کیلئے جو اقدامات وہ لے رہے ہیں آج کی یہ کانفرنس ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتی ہے،وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام علماء کرام اور بین المذاہب راہنماء،مذہبی ہم آہنگی رواداری اور پیغام پاکستان کے فروغ کے حوالے سے اپناعظیم کردار ادا کریں،وطن عزیز پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے،پاکستان کی حفاظت کیلئے ہم سب ایک ہیں،پاکستان تمام اقلیتوں کیلئے جنت نظیر خطہ ہے،ہمیں چا ہیے کہ تمام مسالک ومذاہب کے عقائد کو نظریات اور ان کی مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کا حترام کریں،غزہ میں اسرائی انسانی حقوق کی جو پامالی کر رہا ہے اور ظلم و ستم کا بازار گرم کیا ہو ا ہے اس کو بند ہونا چاہیے،کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کیلئے تمام طبقات کو ملکر آگے بڑھنا ہو گا، ہم سب کی ذمہ داری ہے ہیں اپنے درمیان نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا اور نفرتوں کے بیج بونے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا،اسلام امن و محبت کا پیغام دیتاہے ہمیں چاہیے کہ اسلام کے اس پیغام محبت،رواداری اور برداشت کو اجاگر کریں اور آپس میں متحد ہو کر اسلام،وطن اور امن وسلامتی کے دشمنوں،تخریب کاروں پر کڑی نگاہ رکھیں،اور دشمنوں کے تمام تر عظائم کو خاک میں ملادیں،پیغام پاکستان سے ملک میں امن قائم ہوا،پیغام پاکستان کی کامیابی سے دشمن ناکام ہوا ہے،کانفرنس کے آخر میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا مظاہر بھی کیا،آخرمیں ملکی سلامتی،ترقی وخوشحالی،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی۔