مشرق وسطیٰ

پنجاب میں 46 لاکھ بچے خواندہ بنا چکے، 6 لاکھ زیر تعلیم ہیں۔ سیکرٹری لٹریسی

جنوبی پنجاب میں ایک ہزار لٹریسی سنٹرز قائم کئے جا رہے، 460 فعال ہو چکے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ موجود، مراکز بڑھا رہے ہیں۔ سید حیدر اقبال کا یوم خواندگی تقریب سے خطاب

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌عالمی یوم خواندگی پنجاب بھر میں اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ صوبے میں کوئی بھی بچہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر کم از کم بنیادی تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ عالمی یوم خواندگی کی مرکزی تقریب لاہور آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لٹریسی سید حیدر اقبال نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اب تک دور دراز علاقوں اور غریب و پسماندہ گھرانوں کے 46 لاکھ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر چکا ہے جبکہ 6 لاکھ بچے 19 ہزار سے زائد نان فارمل سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ اپنے طلبہ کی فنی اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ جائیکا کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر عابد گل اور یونیسیف کے نمائندگان نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں لٹریسی کا ڈیپارٹمنٹ ہے۔ پنجاب کی تعلیمی شرح دیگر صوبوں اور مجموعی طور پر پاکستان سے بہتر ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری لٹریسی سید حیدر اقبال نے ناخواندگی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے لٹریسی ریٹ بڑھانے کیلئے سخت محنت کی ضرورت پر زور دیا اور اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صوبے بھر میں ایسے مقامات جہاں نہ صرف لٹریسی ریٹ کم ہے بلکہ آگاہی کے فقدان کی وجہ سے آؤٹ آف سکول بچوں کا چیلنج بھی درپیش ہے، وہاں لٹریسی سنٹرز کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ تقریب میں نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ان میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے جبکہ نان فارمل سکولوں کے طلبہ مابین ہونے والے پینٹنگ مقابلہ جات کے ونرز کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ سید حیدر اقبال نے شرکاء اور میڈیا نمائندگان کو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹوں پر 300، خانہ بدوشوں کیلئے 20، مساجد میں 660، جیلوں میں 1270، اقلیتوں کیلئے 59، دارالامان میں 28، جنرل بس اسٹینڈز پر ڈرائیوروں، خاکروبوں، اسٹیشن پر قلیوں کیلئے قائم اداروں میں ہزاروں طلباء کو خواندگی کے عمل سے گزارا جا رہا ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں ایک ہزار لٹریسی سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں جن میں سے 460 فعال ہو چکے ہیں اور 540 عنقریب فعال کر دئیے جائیں گے۔ سیکرٹری لٹریسی نے نان فارمل سکولوں کے اساتذہ کیلئے خصوصی الاؤنس کیلئے کوششیں تیز کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ تقریب سے صوبائی وزیر ابراہیم مراد، سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button