
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب سموگ کے خاتمے کے لیے جدید راہوں پر گامزن
تمام متعلقہ اداروں کو بھی ایپ تک رسائی حاصل ہو گی شہری سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف شکایات ایپ پر اپ لوڈ کر سکیں گے تمام متعلقہ ادارے شکایات کو ایپ کی مدد سے براہ راست دیکھ سکیں گے متعلقہ ادارہ شہری کی شکایت حل کرنے کے بعد مکمل تفصیل ایپ پر اپ لوڈ کی جائے گی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی ، تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے فیصل فرید نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں بہتری کے لیے باہمی تعاون کریں گے اور معاہدے کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں بہتری کیلئے ریسرچ کے فروغ بارے اقدامات کیے جائیں گے ، باہمی معاہدے پر ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید اور ڈائریکٹر یو ای ٹی ڈاکٹر وقار محمود نے دستخط کیے ، وائس چانسلر یو ای ٹی سید منصور سرور کی جانب سے ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل پرونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید کی زیرصدارت سموگ کے خاتمے اور سموگ ایپ کے قیام کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا،اجلاس میں ڈائریکٹر کوارڈینیشن پی ڈی ایم اے سمیت دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سموگ ایپ کی تیاری کا کام آخری مراحل میں ہے ، جلد ایپ الاونچنگ کی جائے گی ، شہری ایپ کو گوگل سے ڈاون لوڈ کر سکیں گے ، تمام متعلقہ اداروں کو بھی ایپ تک رسائی حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ شہری سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف شکایات ایپ پر اپ لوڈ کر سکیں گے اور تمام متعلقہ ادارے شکایات کو ایپ کی مدد سے براہ راست دیکھ سکیں گے جبکہ متعلقہ ادارے شہری کی شکایت حل کرنے کے بعد مکمل تفصیل ایپ پر اپ لوڈ کی جائے گی۔