خصوصی بچوں کا ہاتھ تھام کر چلنا سکھانا معاشرے کی بڑی خدمت ہے۔ بریگیڈئیر جنرل (ر) خالد بشیر
سپیشل بچوں کیلئے مشترکہ اقدامات وقت کا تقاضہ، ذمہ داری سمجھنا ہوگی۔ سید عامر جعفری
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن سکولز کے خصوصی بچوں کے اعزاز میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت عبد العلیم خان کی دعوت پر ظہرانہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر عبد العلیم خان فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برگیڈئیر (ر) خالد بشیر نے خصوصی بچوں کی تعلیم اور فلاح و بہبود کی کاوشوں پر غزالی فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن خصوصی بچوں کا ہاتھ تھام کر انہیں چلنا سکھا رہا ہے۔ یہ معاشرے کی بہت بڑی خدمت ہے۔ خصوصی بچے ہم سب کی بھرپور توجہ کے مستحق ہیں۔ غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر جعفری کا کہنا تھا کہ عبد العلیم خان کی جانب سے غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی خدمات کے اعتراف پر ادارے اور اس مشن سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پروگرام میں دونوں اداروں کی جانب سے سپیشل بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ تقریب میں عبد العلیم خان کی جانب سے غزالی فاؤنڈیشن کے سپیشل بچوں میں کیش انعامات تقسیم بھی کئے گئے جبکہ سپیشل بچوں کی بحالی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے معاشرے کے مختلف طبقات تک پیغام پہنچانے کیلئے آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔