انٹرٹینمینٹ

بلاشبہ حضرت عیسی نے پوری انسانیت کے لیے اخوت ، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو فروغ دیا، صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور اظفر علی ناصر

آرچ بشپ سبسچئین شا نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ مسیحی اور مسلمان ملکر خوشیاں مناتے ہیں تاہم ہمیں انٹرفیتھ کے ذریعے برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کرسمس کی مناسبت سے محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور ، حکومت پنجاب اور فلاحی تنظیم یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کی جانب سے لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور اظفر علی ناصر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ حضرت عیسیٰ کی پیدائش کے موقع کی مناسبت سے کرسمس کا تہوار پوری دنیا کی طرح ملک پاکستان میں بھی جوش خروش اور عقیدت احترام سے منایا جا تا ہے اور میں آج کرسمس پر مسیحی برادری کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ حضرت عیسی نے پوری انسانیت کے لیے اخوت ، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو فروغ دیا۔ آج ہم سب کو ان کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوۓ امن اور بھائی چارے کے فروغ دینے کے لیے بھر پور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے بھی مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور مساوی مواقع دینے پر بہت زور دیا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے آئین میں مذہبی اقلیتوں کو وہ تمام سماجی ، معاشرتی ، معاشی اور سیاسی حقوق حاصل ہیں جومسلمانوں کو حاصل ہیں ۔ میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ حکومت پنجاب بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور تمام مذاہب کے پیروکار اپنی مذہبی اور سماجی روایات کے مطابق آزادانہ زندگی گزار رہے ہیں ۔مسیحی برادری کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ ملک کی ساجی ، معاشی آسودگی اور خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھیں۔ یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن سے شاہد رحمت نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد یہ دنیا میں ثابت کرنا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہبِ مکمل آزادی سے اپنے تہوار منارہے ہیں ۔
آرچ بشپ سبسچئین شا نے اپنے خطاب میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ مسیحی اور مسلمان ملکر خوشیاں مناتے ہیں تاہم ہمیں انٹرفیتھ کے ذریعے برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ بشپ ندیم کامران نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان ایک ایسی نعمت ہے جدھر تمام مذاہبِ کے پیروکار اپنی عبادات میں مکمل آزاد ہیں اور حکومت پنجاب کی جانب سے 36 اضلاع میں میثاق سینٹر بنانا قابلِ ستائش اقدام ہے۔ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ ہم سب کو ملکر سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہوگا۔ آ ج ہم سب ملکر فلسطین اور غزہ میں جنگ بندی کی دعاء کرتے ہیں تاکہ دنیا بھر میں امن قائم ہو سکے۔ سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر محمد شعیب اکبر نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امو مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔ مذہبی اقلیتوں کے تمام اہم مذہبی دن کرسمس، ہولی، دیوالی اور بابا گرونا تک کے جنم دن کو عقیدت اور احترم کے ساتھ منایا جا تا ہے اور آج کا دن سب کا اکٹھا ہونا ایک بہترین بھائی چارے اور محبت کی مثال ہے۔ تقریب میں سیکرڈ کیتھیڈرل ہارٹ سکول کی بچیوں نے کیرل سونگ پیش کیا جبکہ
مسیحی برادری کے مستحق افراد میں کرسمس گرانٹ کی تقسیم کی گئی۔ تقریب میں شامل مہمانوں نے ملکر کرسمس کیک کاٹا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاء بھی کی گئی ۔تقریب میں یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن سے شاہد رحمت ، مفتی عاشق حسین ، مولانا محمود غزنوی ،پروفیسر کلیان سنگھ اور مسیحی برادری کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button