انٹرٹینمینٹ

کرسمس کے موقع پر فیسز پاکستان کی انٹرفیتھ پرمبنی:پرچم جسے لوگ” نامی فلم کی نمائش

فلم میں دکھایا گیا کہ ایک مسیحی جوڑے کے انتقال کے بعد انکی تین بیٹیوں کو رشتے دار پالنے سے انکار کر دیتے ہیں اور ایسے میں ایک حاجی علی احمد نا صرف انکی ایک بیٹی کی پرورش کا ذمہ لیتا ہے بلکہ اپنی جائیداد میں حصہ دار بھی ٹھہراتا ہے

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی) : کرسمس کی مناسبت سے فلاحی تنظیم فیسز پاکستان کی جانب سےای لائبریری ،قذافی اسٹیڈیم کے آڈیٹوریم میں بین المذاہب ہم آہنگی اور انٹر فیتھ کے فروغ کے حوالے سے”پرچم جسے لوگ” نامی مختصر دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر محمد شعیب اکبر ، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل ، پروفیسر پنجاب یونیورسٹی کلیان سنگھ کلیان، فلم رائٹر جعفری آفتاب جاوید، سربراہ فیسز پاکستان جاوید ولیم، کوارڈینیٹر فیسز پاکستان سائرہ بٹ، فلم کی مرکزی کردار روما مائیکل اور دیگر سماجی شخصیات کے ساتھ مذہبی اقلیتوں سے وابستہ افراد موجود تھے ۔ 12 منٹ کی فلم میں ایک دوسرے کو قبول کرنے ، اتحاد اور انٹر فیتھ کو فروغ کی بہترین مثال پیش کی گئی۔ فلم میں دکھایا گیا کہ ایک مسیحی جوڑے کے انتقال کے بعد انکی تین بیٹیوں کو رشتے دار پالنے سے انکار کر دیتے ہیں اور ایسے میں ایک حاجی علی احمد نا صرف انکی ایک بیٹی کی پرورش کا ذمہ لیتا ہے بلکہ اپنی جائیداد میں حصہ دار بھی ٹھہراتا ہے اور اسکی بیرون ملک شادی کے بعد دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے جبکہ وہی مسیحی بیٹی جب پاکستان آتی ہے تو اپنے بچوں کو پہلے حاجی علی احمد کی قبر پر لیکر جاتی ہے اور بتاتی ہے کہ یہ آپ کے بڑے نانا ابو کی قبر ہے پھر اپنے حقیقی ماں باپ کی قبروں پر جاتی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ یہ فلم آپس میں اتحاد و اتفاق اور پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے کا باعث بنے گی اور امید ہے کہ فیسز پاکستان کے سربراہ جاوید ولیم کی انٹرفیتھ کے فروغ میں خدمات کو مزید تقویت ملیگی ۔ بلا شبہ ایسی فلموں سے ایک دوسرے کو قبول کرنے اور آپس میں پیار و محبت کو فروغ ملیگا۔ انہوں نے جاوید ولیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کئ سالوں سے انٹر فیتھ پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور یقینی طور پر ان کی یہ کاوش بھی کرسمس کا ایک بہترین تحفہ ثابت ہوگی۔ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ گرجا گھروں یا مساجد سے امن و اتفاق کی آواز سنائ دیتی ہے تاہم میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا پر اس طرح کی کاوش سے یقینی طور پر ایک دوسرے کے مذاہبِ کو سمجھنے اور ملکر آگے بڑھنے کے جذ بے کو فروغ ملیگا۔ صدرفیسز پاکستان جاوید ولیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس فلم کے پیچھے بہت سے لوگوں کی محنت ہے اور ایک بہترین ٹیم ورک کے نتیجے میں آج یہ فلم پیش کی گئی ہے تاہم ایک ہی پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے کہ ایک دوسرے کو قبول کریں مل جل کر معاشرے میں امن قائم کریں۔ مختصر سی فلم میں ایک بہت بڑا پیغام دیا جا رہا ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور سب سے پہلے انسان ہیں ۔ ہر مذہب میں پیار و محبت کی تلقین کی گئی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان لوگوں کی حوصلہ شکنی کریں جو معاشرے میں نفرتوں کا بیج بونا چاہتے ہیں۔ پروفیسر کلیان سنگھ کلیان نے کہا کہ اس طرح کی فلم سے نوجوانوں میں ایک شعور اجاگر ہوگا کہ آگے بڑھ کر خدمت کریں اور اس میں کسی مذہب کو آڑھے نہ آنے دیں بلکہ سب سے پہلے انسانیت کو آگے رکھا جائے تاکہ معاشرے میں عدل و انصاف کو فروغ مل سکے ۔
اس موقع پر فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر: عبدالقیوم، جاوید ولیم، ندیم ولیم، ڈائریکٹر: رافع قیوم اور سعد اللہ خان، ڈی او پی سعد اللہ خان، فلم کے مصنف: ڈاکٹر مجید ایبل، جاوید ولیم اورآفتاب جاوید ،فلم کی مرکزی کردار روما مائیکل اور فلم کی کاسٹ میں شامل مصطفیٰ، محمد حنان ڈار، بابر ایوب، زید خان، ہما علی، زویا، رخسار علی،زبیر بٹ، شہباز، رافع قیوم چائلڈ کاسٹ: ہانیہ خضر، میمونہ علی، مومنہ حمیال بھی موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button