
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کی بابائے قوم کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر مبارکباد
بانی ِپاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کا ایک آزاد وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے، سی سی پی او لاہور
لاہورپاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بابائے قوم کے یوم پیدائش اور کرسمس کے موقع پر مبارکبادپیش کی ہے۔ اس موقع پر بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ کی پیدائش کا دن مسیحی برادری اور مسلمانوں کیلئے یکساں طور پرمحترم اور اہمیت کا حامل ہے۔ مسیحی برادری معاشرے کا اہم جز ہے،وطن عزیز ِکی تعمیر و ترقی اور فروغ ِ تعلیم میں مسیحی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ شعبہ طب بالخصوص دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مسیحی برادری نے ہمیشہ لیڈنگ رول ادا کیا ہے۔ قوم کو قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور آئین ِ پاکستان کی روشنی میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح ایک با اصول، جرات مند اور مدبر کردار کے مالک تھے۔ بانی ِپاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کا ایک آزاد وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی کی طویل جدو جہد میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت روشنی کے ایک مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔