صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے وہیکلز انسپکشن اینڈ چلاننگ ایپ کا افتتاح کردیا
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ سواری فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ایکسل لوڈ انفورسمنٹ کیخلاف ورزیوں سے 600 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا تاہم امید کی جا سکتی ہے کہ ایپ کی مدد سے اس میں 90 فیصد کمی آئے گی۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے وہیکلز انسپکشن اینڈ چلاننگ ایپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر ایپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ تقریب میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی،چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ٹی سی فائق احمد، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی انفورسمنٹ انسپکٹرز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے پی آئی ٹی بی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں ان کو پوری ٹیم عوامی خدمت میں دن رات ایک کئیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ سواری فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ایکسل لوڈ انفورسمنٹ کیخلاف ورزیوں سے 600 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا تاہم امید کی جا سکتی ہے کہ ایپ کی مدد سے اس میں 90 فیصد کمی آئے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا ٹارگٹ تھا کہ کاغذ پر چالان ختم کیا جائے تاہم آج بہترین ٹیم ورک کے نتیجے میں ای چالان کی طرف سفر شروع ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہیکلز انسپکشن اینڈ چلاننگ ایپ کا مقصد پیپرلیس چلاننگ پر منتقل ہونا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ ای چلاننگ سے جعلی اور بوگس چالان کی شکایات کا خاتمہ ہوگا یہ ایک حقیقت ہے کہ اب ہم میئنول دور سے ڈیجیٹل دور میں داخل ہونے جارہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے کہا کہ ای چلاننگ سے ٹرانسپرنسی اور رئیل ٹائم انفارمیشن کے حصول کو ممکن بنایا گیا ہے جبکہ ای چلاننگ سے چلاننگ بک کی چھپائی سمیت دیگر وسائل کی بچت ممکن ہوگی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ای چلاننگ میں چالان برخلاف ڈرائیور اور گاڑی دونوں ہونگے۔ کتنے چلان، کس جگہ اور کس خلاف وزری پر کئے گئے، سب ڈیٹا فوری میسر ہو گا۔ جبکہ چالان کی صورت میں ڈرائیور کو اسکے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر چالان کا پیغام موصول ہوگا۔
سی ای او پی ٹی سی نے کہا کہ ای چلاننگ سے آفسران کو ڈیوٹی پر معمور انسپکٹرز کی لوکیشن پر بھی واضح رسائی میسر ہوگی جبکہ ایپ میں گاڑی نمبر یا شناختی کارڈ نمبر درج کرنے سے تمام انفارمیشن آٹوفل ہوجائے گی۔ فائق احمد نے کہا کہ وہیکلز انسپکشن ایینڈ چلاننگ ایپ ایکسائز، روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ ایپ سے منسلک کی گئی ہے۔ ڈیجیٹل چلاننگ سے کرپشن کے عنصر کا مکمل خاتمہ ہوگا تاہم ڈیجیٹل چلاننگ سے ٹرانسپورٹ انسپکٹرز کی کارکردگی جانچنے میں بھی مدد ملے گی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے مختلف افراد میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے صوبائی وزیر کو بھی یادگاری شیلڈ پیش کی گئی