
نیو ائیر نائٹ،لاہور پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل 7ہزار سے زائدپولیس افسران واہلکار تعینات
قانون شکنی،ہلڑ بازی،نقص امن کا باعث بننے والے نیو ایئر نائٹ حوالات میں گذاریں گے خواتین کو حراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈی آئی جی آپریشنزسید علی ناصر رضوی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے نیو ائیر نائٹ کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔قانون شکنی،ہلڑ بازی اورنقص امن کا باعث بننے والے عناصر نیو ایئر نائٹ حوالات میں گذاریں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پرگرجا گھروں، اہم شاہراؤں، مارکیٹوں اور پارکوں میں پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔ سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس کے6ایس پیز، 22ڈی ایس پیز 84ایس ایچ اوز/انسپکٹرز،200لیڈیز اہلکاروں سمیت7ہزارسے زائد افسران واہلکار ڈیوٹی دیں گے۔پبلک مقامات پر سادہ لباس میں بھی اہلکار تعینات ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے کیمروں سے خصوصی مانیٹرنگ یقینی بنائی جارہی ہے۔نیو ایئر نائٹ پرساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی،اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، آتش بازی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں کی جائیں گی۔ آتش بازی کا سامان بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ون ویلنگ کے انسداد کیلئے شہر کی اہم شاہراؤں پرپکٹس لگائی جائیں گی۔ڈولفن سکواڈ،پی آریوا ورایلیٹ فورس ٹیموں کا بھی موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو بغیر سائیلنسر گاڑی و موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے ون ویلنگ کیلئے موٹرسائیکلزمیں آلٹریشن کرنے والے موٹرمکینکس کامحاسبہ کرنے کا بھی حکم دیا۔ علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ پبلک مقامات پر خواتین کو حراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہری غیر اخلاقی وغیر قانونی سرگرمیوں سے اجتناب کریں اور مشتبہ افراد،سرگرمیوں،لاوارث سامان کی اطلاع فورااَیمرجنسیَ 15 پردیں۔