کاروبار

کارانداز نے پاکستانی کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جدید تربیتی پروگرامز سے آراستہ WeHub پلیٹ فارم متعارف کروا دیا

اس اقدام کو مزید وسعت دیتے ہوئے کارانداز نے wehub.karandaaz.com.pk کی صورت میں ایک جامع ویمن انٹریپرینیورز ہب (WeHub) بھی قائم کی ہے جو خواتین انٹریپرینیورزکو ضروری مالی اور کاروباری معلومات پر مبنی تدریسی ویڈیوز اور مواد سمیت دیگر قیمتی وسائل بھی فراہم کرتی ہے

اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): کارانداز (Karandaaz) نے ڈیمو (DEMO) کے تعاون سے پاکستان کے مختلف شہروں بشمول ہنزہ، گلگت، پشاور، حیدرآباد اور ملتان میں 145 کاروباری خواتین کو جدید تربیت فراہم کرنے کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز کامیابی سے منعقد کیے۔” کاروباری خواتین کو مالی اور تجارتی خدمات کے بارے میں معلومات کی فراہمی“ کے عنوان سے کیے گئے اس اقدام نے پورے پاکستان میں کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے جس میں ان کی انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ انہیں کاروباری ترقی کو فروغ دینے کی غرض سے اہم مالی معلومات اور مہارتوں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔
اس اقدام کو مزید وسعت دیتے ہوئے کارانداز نے wehub.karandaaz.com.pk کی صورت میں ایک جامع ویمن انٹریپرینیورز ہب (WeHub) بھی قائم کی ہے جو خواتین انٹریپرینیورزکو ضروری مالی اور کاروباری معلومات پر مبنی تدریسی ویڈیوز اور مواد سمیت دیگر قیمتی وسائل بھی فراہم کرتی ہے۔یہ وسائل کارانداز کی ویب سائٹ پر بھی بآسانی دستیاب ہیں اور یہ بات یقینی بناتے ہیں کہ پاکستان کے ہر حصے سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین اپنے کاروبار کو ترقی دینے اور مالی بصیرت حاصل کرنے کے لیے اس انمول علمی خزانے سے یکساں طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔ وی ہب ، انٹریپرینیورشپ کی دنیا میں، اہم معلومات اور مہارتوں تک رسائی کو عام بنانے میں ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔
ان خصوصی تربیتی سیشنز کی کامیاب تکمیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کارانداز میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے ڈائریکٹر شرجیل مرتضیٰ نے کہا: ” جدت کی کامیابی اس کے استعمال پر منحصر ہوتی ہے۔ پاکستان میں مالی اور ڈیجیٹل خواندگی نہ ہونے کی وجہ سے مالی شمولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے ،خاص طور پر، خواتین کی مالی شمولیت کے نقطہ نظر سے کاراناداز نے پاکستان میں WeHub تیار کی ہے جو آنے والی کاروباری خواتین کو ضروری مالی اور ڈیجیٹل معلومات سے آراستہ کرنے کے لیے ایک انفارمیشن ہب ہے۔ “
یہ پروجیکٹ مائیکرو، اسمال اور میڈیم کاروباری اداروں (MSMEs) پر توجہ مرکوز کرتا ہے جس کا آغاز مختلف کاروباری پس منظر سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین کی ضروریات کے جامع تجزیے سے ہوا۔ اس تجزیے کے دوران حاصل کی گئی معلومات کو کاروباری خواتین کی انفرادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک مخصوص نصاب تیار کرنے کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا گیا جس میں مالیاتی خدمات، ٹیکس، سرکاری خدمات، قانونی تقاضوں کی تعمیل اور تجارت سے متعلق مخصوص ہنر جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے ۔
پاکستان بھر کی خواتین تاجروں کی شرکت نے اس پروگرام کی ضرورت اور اس کی کامیابی کو تسلیم کیا۔ مزید برآں ، اس منصوبے نے اپنے اثرات کو بڑھانے کے لیے مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری کی، جن تنظیموں کے ساتھ تعاون کیا گیا ان میں قراقرم ایریا ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (KADO)، این آئی سی پشاور، این آئی سی حیدرآباد، ویمن چیمبر آف کامرس ملتان، اور ملتان میٹرز شامل ہیں۔
اس منصوبے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندوں نے بھی مینٹورنگ سیشنز منعقد کیے اور MSME فنانسنگ کو فروغ دینے کے لیے اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں اور اسکیموں کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کیں۔ علاوہ ازیں، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح، بینک آف خیبر، یونائٹیڈ بینک لمٹیڈ، حبیب بینک لمٹیڈ اور عسکری بینک سمیت متعدد نجی بینکوں نے بھیMSMEs کو قرضوں کی فراہمی اور بینکاری سے متعلق دیگر معاملات کے حل میں رہنمائی میں اہم کردار اداکیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button