
کراچی پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے زیر انتظام اور پاک بحریہ کے تعاون سے بارہویں بارا کوڈا مشق کے سی فیز کا بحیرہ عرب میں انعقاد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔مہمان خصوصی نے مشق کے کامیاب انعقاد پر ڈی جی پی ایم ایس اے کو مبارکباد پیش کی اور مشق کے شرکاء کی کاوشوں کو سراہا۔مشق میں پی ایم ایس اے کے بحری جہازوں کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ، پاکستان ایئر فورس اور پی ایم ایس اے کے ہوائی جہازوں نے بھی شرکت کی۔مشق میں سمندر میں تیل کے رساؤ سے بچنے کے اقدامات، سرچ اینڈ ریسکیو اور بحری قزاقی کے خلاف آپریشنز کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔
اس اقدام سے تمام اسٹیک ہولڈرز اور شریک ممالک کے مابین سمندری ماحول کے تحفظ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشوں میں مزید اضافہ ہو گا۔مشق میں سول و عسکری آفیشلز کے علاوہ غیر ملکی مندوبین اور نیشنل اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔