شہداء کے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچوں کیلئے سکالرشپس اور ملازمتوں کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ
لاہور پولیس نے ملازمین کے بچوں کے سکالر شپس کی مد میں 1263خاندانوں میں 06کروڑ86لاکھ 68ہزار روپے اور78خاندانوں کے حافظ قرآن بچوں میں 78لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور پولیس نے فرائض کی انجام دہی میں اپنی جانیں قربان کرنے والے افسران و اہلکاروں کے ورثااور غازیوں کی ویلفیئر کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے سال 2023ء میں شہداء پیکج کے تحت 11شہداء کے خاندانوں کو14کروڑ 85لاکھ روپے کی مالیت کے مکانات دیئے ہیں۔لاہور پولیس کے ڈسٹرکٹ ویلفیئر فنڈ سے مالی امداد کی مد میں 977خاندانوں میں 02کروڑ 62لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ شہداء کے ورثا کے04 خاندانوں کو آخری تنخواہ کی ادائیگی کی مد میں 01لاکھ 96ہزار سے زائد کی رقم دی گئی ہے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ گذشتہ سال 2023ء میں لاہور پولیس نے جہیز فنڈ کی مد میں 587خاندانوں میں 03کروڑ 78لاکھ 85ہزارروپے اور گزارہ الاؤنس کی مد میں 756خاندانوں میں 02کروڑ80لاکھ40ہزار روپے کی رقم تقسیم کی ہے۔اسی طرح لاہور پولیس نے ملازمین کے بچوں کے سکالر شپس کی مد میں 1263خاندانوں میں 06کروڑ86لاکھ 68ہزار روپے اور78خاندانوں کے حافظ قرآن بچوں میں 78لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی ہے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ محکمہ پولیس شہداء کے ورثا کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ شہداء کے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچوں کیلئے سکالرشپس اور ملازمتوں کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔