
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد، لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد ارشد کی نماز جنازہ میں شرکت
ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس برگیڈئیر سکندر حیا ت، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سمیت سینئر افسران کی شرکت۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل محمد ارشد کی نماز جنازہ میں شرکت کی، ریجنل ڈائریکٹوریٹ کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر سکندر حیات،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک، ڈی آئی جی ایڈمن لاہورمنتظر مہدی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور، ایس ایس پی ڈسپلن لاہور صہیب اشرف، لاہور پولیس کے ایس ایس پیز، ایس پیز اور اے این ایف کے افسران بھی نماز جناہ میں موجود تھے۔ تھانہ اچھرہ میں تعینات کانسٹیبل محمد ارشد نے منشیات فروش کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل محمد ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔کانسٹیبل محمد ارشد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد ارشد کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل محمد ارشد نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا۔کانسٹیبل محمد ارشد نے منشیات کی لعنت کے قلع قمع کیلئے جاری جہاد میں بہادری سے جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد ارشد کی فرض شناسی اور لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ کانسٹیبل محمد ارشد کا تعلق ضلع ننکانہ سے ہے، اہل خانہ میں اہلیہ اور چار بیٹے شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے نماز جنازہ کے موقع پر شہید کے بیٹوں اوراہل خانہ سے ملاقات کی اور کفالت میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد ارشد کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس محمد ارشد جیسے 1600 سے زائد بہادر شہداء کی امین فورس ہے جن کے اہل خانہ کے ساتھ خوشی و غمی کے ہر موقع پر پنجاب پولیس ساتھ کھڑی رہے گی۔