
ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی پلان الیکشن انتظامات کے انتہائی اہم جزو ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔چیف سیکرٹری
تربیت کے دوران غیر حاضرپولنگ سٹاف کیخلاف کارروائی کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری ڈی آر اوزپولنگ بیگ کی تیاری کے عمل کی خود نگرانی کریں، شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے۔ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پریکم سے 12فروری تک پابندی ہوگی، 5اور7فروری کو فلیگ مارچ ہوگا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تربیت کے دوران غیر حاضرپولنگ سٹاف کیخلاف کارروائی کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔
انہوں نے یہ ہدایات عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران جاری کیں۔ صوبائی الیکشن کمشنراعجازانور چوہان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، داخلہ، بلدیات کے محکموں کے سیکرٹریز، صوبائی الیکشن کمیشن کے افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ تربیت کے دوران عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے اورغیر حاضرملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اہم قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں، انتظامات میں کسی قسم کی کمی قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی پلان الیکشن انتظامات کے انتہائی اہم جزو ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز انتخابات کی تیاریوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر پولنگ بیگ کی تیاری کے عمل کی خود نگرانی کریں اورپولنگ سٹیشنز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی الیکشن کمشنر نے الیکشن میٹریل اور بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے حوالے سے بھی ضروری ہدایات جاری کیں۔
سیکرٹری بلدیات احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پریکم سے 12فروری تک پابندی عائد کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے انتظامات مکمل ہیں۔ آرمی، رینجرز اور پولیس کے دستے5اور7فروری کو فلیگ مارچ کریں گے۔