
سندس فائونڈیشن میں منو بھائی کی چھٹی برسی کی دعائیہ تقریب
دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن منو بھائی کی ایک عظیم کاوش ہے اور منو بھائی کی دکھی انسانیت کی خدمتِ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): لاہور میں قائم سندس فائونڈیشن میں منو بھائی کی چھٹی برسی کی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ صدر سندس فائونڈیشن یسین خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انکو خوش آمدید کہا جبکہ اس موقع پر پیٹرن سندس فائونڈیشن سہیل وڑائچ ، ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن خالد عباس ڈار،معروف کالم نگار ڈاکٹر صغریٰ صدف، حفیظ اللہ نیازی اور سینئر صحافی و تجزیہ نگار مجیب الرحمٰن شامی بھی موجود تھے ۔ دعائیہ تقریب میں منو بھائی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے تھیلیسیمیا اور ہیمو فیمیا میں مبتلا بچوں کی عیادت کی اور مریض بچوں میں تحائف تقسیم کئیے۔ انہوں نے خون کے تبادلے کی سہولیات، لیبز اور عطیات کی فراہمی کے میکا نزم کا بھی جائزہ لیا۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن منو بھائی کی ایک عظیم کاوش ہے اور منو بھائی کی دکھی انسانیت کی خدمتِ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ منو بھائی بنیادی طور پر انسان دوست تھے بلکہ انہوں نے اپنی ساری زندگی بچوں کے لیے وقف کی۔ صدر سندس فائونڈیشن یسین خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندس فاؤنڈیشن پچھلے 26 سال سے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے اور ایک بہترین ٹیم ورک کے طور پر منو بھائی کے پرچم کو تھامے ہوئے ہیں ۔ یسین خان نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک اذیت ناک مرض ہے تاہم والدین اپنے بچوں کو مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے شادی سے قبل ٹیسٹ کو یقینی بنائے۔ معروف تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے کہا کہ منو بھائی ہر فن میں ماہر تھے، ان سے بہت کچھ سیکھا اور آج بھی ان کے مشن کو ایک بہترین ٹیم ورک کے طور پر نبھارہے ہیں۔ مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ منو بھائی نے ہمیشہ محروم طبقات سے محبت نبھائ جبکہ انکی تحریریں ہمیشہ ہمارے درمیان رہیں گی۔ ڈاکٹر صغریٰ صدف نے کہا کہ منو بھائی نے مخلوق کے ذریعے اپنے رب کو راضی کیا۔منو بھائی نے ہمیشہ انسانیت کے استحصال کے خلاف بات کی۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ اوہی دیہاڑے چنگے سن ،جدوں منو بھائی ساڈے درمیان سان۔ منو بھائی کو بہت سے علوم پر دسترس حاصل تھی۔ خالد عباس ڈار نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن پوری ایمانداری سے آپ کے عطیات مستحقین تک پہنچا رہی ہے اور ہماری اپیل ہے کہ مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر اس کار خیر میں حصہ لیں۔ تقریب کے اختتام پر منو بھائی کی مغفرت کے لیے خصوصی دعاء بھی کرائی گئی۔