
جیل روڈ پر واقع میڈیکل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں بجلی چوری پکڑی گئی، ایک ملزم گرفتار
لیبارٹری کی انتظامیہ لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہی تھی، دس مرلے رقبہ پر قائم دو منزلہ لیبارٹری میں بجلی کی چوری سے 4اے سی چلائے جارہے تھے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا تھا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): جی او آرسب ڈویژن کے علاقے جیل روڈ پر واقع لائف لائن ٹیسٹ لیب میں بدھ کے روز بجلی کی چوری پکڑی گئی۔ لیبارٹری کی انتظامیہ لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہی تھی، دس مرلے رقبہ پر قائم دو منزلہ لیبارٹری میں بجلی کی چوری سے 4اے سی چلائے جارہے تھے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا تھا۔
ترجمان کے مطابق لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تار قبضے میں لے کر لیبارٹری کے مالک اور منیجر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی ہے جبکہ لیبارٹری کے منیجر ارسلان نذیر کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح شاہ پور سب ڈویژن کے علاقے میں آئس کریم فیکٹری بھی لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کرتے پکڑی گئی۔ ترجمان کے مطابق فیکٹری میں چوری کی بجلی سے آئس کریم بنانے والی 4مشینیں چلائی جارہی تھیں، ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔