ہم میلینئم ڈویلپمنٹ گولز یا سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز کو حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منعقدہ پہلے نیوسمپوزیم 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منعقدہ پہلے نیوسمپوزیم 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ خاور بٹ، پروفیسر ڈاکٹر ساجد مقبول، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید، پروفیسر خالد حق، پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعود، پروفیسر ڈاکٹر سمیعہ رضوان، پروفیسر عقیل خٹک، پروفیسر نجف مسعود، پروفیسر خالد شفیع، پروفیسر عرفان وحید اور ڈاکٹر کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سمپوزیم میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔سمپوزیم کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی اہم موضوع پر سمپوزیم کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ہم میلینئم ڈویلپمنٹ گولز یا سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز کو حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔ہمیں ایوی ڈینس بیسڈ سٹڈیز کو فروغ دینا ہوگا۔ہمیں نیو نیٹل کیئر پر خاص توجہ دینی ہوگی۔ ہر دور کی مثبت پالیسیوں میں تسلسل ہونا چاہئے۔ ہمیں اپنے بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانا ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نشوونماء کیلئے ایک بچے کی ماں کے پیٹ میں صحت بہت اہم ہوتی ہے۔ پاکستان میں 39 سال کا ہر دوسرا شہری بلڈ پریشر اور شوگر کا مریض بن رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک بچے کی نشوونماء کیلئے ماں کے دودھ میں بہت طاقت رکھی ہے۔ ہمیں پاکستان میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانا ہوگا۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز بنانے کا بنیادی مقصد ہی بچوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے جدید ریسرچ کرنا تھا۔ وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز شاندار روایات کا امین ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب نے سو سے زائد سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا منصوبہ شروع کرکے مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی ہیں۔