بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کی ریلی کے خلاف تین تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔
پیر کو یہ مقدمات جناح ٹاؤن، گوالمنڈی اور سٹی تھانے میں پولیس کی مدعیت میں درج ہوئے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’اجازت کے بغیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے پولیس کو دھکے دیے اور کار سرکار میں مداخلت کی۔‘
کوئٹہ پولیس نے کہا ہے کہ مقدمات میں حلقہ این اے 263 کے سالار خان، پی بی 43 کے اُمیدوار دودہ شاہوانی اور پی بی 44 کے امیدوار ملک فیصل دہیوار کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس نے ریلی میں شریک پی ٹی آئی کے دیگر کارکنان کو بھی مقدمات میں نامزد کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اگر ایف آئی آر میں نامزد امیدواروں نے ضمانتیں نہ کروائیں تو ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔
’مانیٹرنگ کمیٹی کے پاس شکایت کی صورت میں امیدوار انتخابات سے باہر ہو سکتے ہیں۔‘
اتوار کو پولیس نے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے ملک بھر میں امیدواروں کو اپنے انتخابی حلقوں میں ریلیاں نکالنے کی کال دی تھی۔
پی ٹی آئی کے میڈیا ایڈوائزر ذوالفقار بخاری نے کہا تھا کہ کراچی کے علاوہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر حصوں میں بھی گرفتاریاں کی گئیں۔