
سنٹرل پولیس آفس: ترقی پانے والے 45 سینئر ٹریفک وارڈنز کو رینک لگانے کی تقریب منعقد
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر پولیس افسران نے سینئر ٹریفک وارڈنز کو نئے عہدوں کے رینک لگائے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس شاہرات پر محکمہ پولیس کی ایمبیسیڈر ہے، تمام ٹریفک پولیس افسران خوش اخلاقی، فرض شناسی اور خلوص نیت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کے ساتھ محبت و اعتماد کا رشتہ ہے، انکی بہترین ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ویلفیئر اور پروموشن اقدامات کا صلہ مزید بہتر بہترین کارکردگی کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس کے دفاتر کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس دفاتر کو ماڈرن اسٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا یے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والے 45 سینئر ٹریفک وارڈنز کو رینک لگانے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران اور انکے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر پولیس افسران نے سینئر ٹریفک وارڈنز کو نئے عہدوں کے رینک لگائے اور سینئر ٹریفک وارڈنز کو پروموشن پر مبارک باد دیتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ذیشان اصغر سمیت دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ مزید بہتر کرنے کیلئے سیکٹرز کی حدود کو از سر نو تشکیل دینے کا پلان زیر غور ہے، سیکٹرز سائز تبدیل ہونے سے ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئے گی، سینئر وارڈنز کو نئی ذمہ داریاں ملیں گی۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے ٹریفک وارڈنز کو خوش اخلاقی و فرض شناسی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوانین کے نفاذ سے موثر ٹریفک روانی کو یقینی بنانے کے ساتھ کمیونٹی پولیسنگ سے شہریوں کی سہولت فراہم کی جائے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ذیشان اصغر، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر،ایس ایس پی ٹریفک غضنفر علی شاہ سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔