
چیف سیکرٹری کا سینٹرل جیل کا دورہ، قیدیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا
قیدیوں کو ویڈیو کال، ای لائبریری کی سہولت کی فراہمی قابل ستائش، جیلوں میں ملاقات کے طریقہء کار میں بہتری لا ئی جائے۔زاہد اخترزمان
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بدھ کے روز سینٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل میں قائم ہسپتال،ووکیشنل سینٹر اور فوڈ انسپکشن روم کا معائنہ کیا اور موقع پر ضروری ہدایات جار ی کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ معیاری خوراک اور صفائی کے انتظامات قیدیوں کی بنیادی ضروریات ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی جیلوں میں بہتری لانے کیلئے اصلاحات جاری ہیں،قیدیوں کو ویڈیو کال، انٹرنیٹ اور ای لائبریری کی سہولت کی فراہمی قابل ستائش اقدام ہے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ جیلوں میں ملاقات کے طریقہء کار میں بہتری لا ئی جائے اورقیدیوں کو فنی تربیت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ چیف سیکرٹری نے جیل میں قیدیوں کے تیار کئے گئے قالین کے معیار کو سراہا۔آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر نے چیف سیکرٹری کو قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے بریفنگ دی۔سیکرٹری داخلہ شکیل احمد اور محکمہ جیل خانہ جات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔