مشرق وسطیٰ

پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب 06 خطرناک اشتہاری دبئی سے گرفتار

گرفتار اشتہاری مجرمان میں حماد شہباز، ابو بکر، امتیاز احمد، محمد رضوان، بلال مصطفٰی اور علی رضا شامل

پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر صدارت بیرون ملک اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب 06 خطرناک اشتہاری دبئی سے گرفتارکرکے وطن واپس لے آئی ہے۔ ترجمان پنجا ب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر خالد نواز وریاہ کی قیادت میں سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم 06 اشتہاریوں کو دبئی سے لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پاکستان پہنچی، گرفتار اشتہاری مجرمان میں حماد شہباز، ابو بکر، امتیاز احمد، محمد رضوان، بلال مصطفٰی اور علی رضا شامل ہیں۔ اشتہاری حماد شہباز 2022 میں گوجرانوالہ میں شہری کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا،اشتہاری محمد رضوان نے 2023 میں فیصل آباد میں شہری کو قتل کیا تھا،اشتہاری ابوبکر اور امتیاز احمد گذشتہ برس گوجرانوالہ میں شہری کو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے، اشتہاری بلال مصطفٰی سیالکوٹ پولیس کو 2015 سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا،اشتہاری علی رضا 2022 میں جہلم میں شہری کو قتل کرکے 02 برس سے بیرون ملک مفرور تھا،پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے انٹرپول سے تمام اشتہاریوں کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے،متحدہ عرب امارات پولیس سے کلوز کوارڈینیشن کے ساتھ تمام اشتہاریوں کو گرفتار کیا اورقانونی مراحل پورے کرنے کے بعد ٹیم پاکستان کے لئے پہنچی اور ائیر پورٹ سے متعلقہ اضلاع کی پولیس ٹیمیں اشتہاریوں کو اپنے تحویل میں لے لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے تمام اشتہاریوں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بیرون ملک مفروراشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنایا جائے اور زیادہ سے زیادہ اشتہاریوں کو ٹریس کرکے گرفتار کیا جائے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button