
کھیل
انوشکا، کوہلی کے دوسرے بچے کی پیدائش کا دعویٰ، کیا ڈیویلیئرز نے ویڈیو ڈیلیٹ کی؟
سنیچر کو اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب شو کے دوران دعویٰ کیا کہ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کی وجہ بتا دی ہے۔
سنیچر کو اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب شو کے دوران دعویٰ کیا کہ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
وہ اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے مداحوں کے ساتھ چیٹ سیشن کر رہے تھے جب کسی نے ان سے پوچھا کہ ’کیا آپ نے وراٹ کوہلی سے بات کی ہے؟‘ اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ وراٹ کوہلی خاندان کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے مزید کہا کہ ’میری وراٹ سے ٹیکسٹ میسج پر بات ہوئی تھی، اور ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ اس وقت ان کے لیے اہم ہے کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں۔ اگر آپ اپنے آپ کے لیے سچے نہیں ہیں، تو آپ اپنا مقصد کھو دیتے ہیں۔ ہمیں ویرات کی کمی محسوس ہوتی ہے لیکن انہوں نے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔‘
اے بی ڈیویلیئرز کے اس دعوے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انوشکا شرما ٹرینڈ کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
’ایرر نیم ناٹ فاؤنڈ‘ نامی اکاؤنٹ نے کہا کہ ’اے بی ڈی ویلیئرز وہ انکل ہیں جن پر آپ کو کبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ انوشکا اور وراٹ انہیں واٹس ایپ پر بلاک کرنے کا سوچ رہے ہوں گے۔‘

جہاں کچھ صارفین تبصرے کرتے رہے وہیں سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار بھی نظر آئی۔





