کیمرے الیکشن کی مانیٹرنگ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں مددگار ہوں گے، آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس کا الیکشن 2024ء کے پرامن انعقاد، مانیٹرنگ سے متعلق اہم سنگ میل عبور،سیف سٹیز اتھارٹی، پی آئی ٹی بی اور این آر ٹی سی میں معاہدہ، الیکشن کی مانیٹرنگ کے لئے 29 ہزار کیمرے خریدے جائیں گے،
لاہورپاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): پنجاب پولیس نے الیکشن 2024ء کے پرامن انعقاد اور پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ سے متعلق اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی، پی آئی ٹی بی اور این آر ٹی سی میں معاہدہ طے پایا ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی موجودگی میں تینوں اداروں کے نمائندگان نے معاہدے پر دستخط کیے، معاہدے کے مطابق جنرل الیکشن کی مانیٹرنگ کے لئے 29 ہزار کیمرے خریدے جائیں گے، کیمروں کی خریداری پر کل 01 ارب 35 کروڑ روپے لاگت آئے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے بعد خریدے گئے کیمرے حکومت پنجاب کی ملکیت ہوں گے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ نئے کیمرے جدید اور نائٹ ویژن ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے جو الیکشن کی مانیٹرنگ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں مددگار ہوں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے انتخابی عمل کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی یقینی بنائی جائے گی ۔