
نوجوانوں کی کیرئیر کونسلنگ کیلئے اے ای او گلوبل ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد
اے ای او اسٹڈی ابروڈ ایکسپو میں 20 سے زائد انٹرنیشل یونیورسٹیوں نے سٹال لگائے آسٹریلیا، یوکے، کینیڈا، یو ایس اے سمیت مختلف ممالک کے ایجوکیشن قونصلرز نے طلبہ کی راہنمائی کی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):نوجوانوں کی کیرئیر کونسلنگ کیلئے اسٹڈی ایکسپو کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ اے ای او نامی ادارے کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اسٹڈی ابروڈ ایکسپو میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہیں آسٹریلیا، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت مختلف ملکوں سے آئے ایجوکیشن قونصلرز نے بیرون ملک تعلیم کے حوالے سے آگاہی و راہنمائی دی۔ ماہرین کی جانب سے طلباء کو بیرونی دنیا کی نامور یونیورسٹیوں میں داخلوں اور سکالرشپ کے حوالے سے بھی راہنمائی دی گئی۔ اس موقع پر آسٹریلیا، یوکے، یو ایس اے، کینیڈا سمیت 20 سے زائد ممالک کی ٹاپ یونیورسٹیوں کے معلوماتی بوتھ بھی لگائے گئے تھے جہاں مذکورہ ممالک کے نمائندگان نے نوجوانوں کو بیرون ملک تعلیم کیلئے داخلوں کے طریقہ کار اور درکار لوازمات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ماہرین نے طلبہ کی کیرئیر کونسلنگ اور کوچنگ کے بھی بھرپور فرائض سر انجام دئیے۔ ایک اندازے کے مطابق 5 ہزار سے زائد طلبہ نے اے ای او اسٹڈی ایکسپو کا دورہ کیا جبکہ سینکڑوں طلبہ نے مختلف انٹرنیشل یونیورسٹیوں کو داخلوں کی درخواستیں بھی جمع کروائیں۔ اہل نوجوانوں کو یونیورسٹیوں کی جانب سے سکالر شپس بھی آفر کی گئیں۔ آسٹریلین ایجوکیشن آفس (اے ای او) کے ذمہ داران نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اسٹڈی ابروڈ ایکسپو جہاں نوجوانوں میں بیرون ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرے گی وہیں انہیں اپنے کیرئیر کے انتخاب اور مستقبل کا فیصلہ کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔