
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس کیلئے کیپٹن(ر) سید احمد مبین شہید کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی۔سی سی پی او نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہیدکی قبر کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی والدہ، اہل خانہ، ایڈیشنل آئی جی (ٹریفک پولیس) مرزا فاران بیگ،ڈی آئی جی(آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی(آپریشنز) سید علی رضا،سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر سمیت سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس کیلئے کیپٹن(ر) سید احمد مبین شہید کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس نے ملکی سلامتی اورشہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آج کا دن شہدائے پولیس سے تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس شہداء کی فیملیز کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔