مشرق وسطیٰ

پنجاب پولیس کے 06 ریٹائرڈ سراغ رساں کتوں کو گود لے لیا گیا،

پولیس ڈاگز بریڈنگ اینڈ ٹریننگ سینٹر سکول بیدیاں میں خصوصی تقریب کا انعقاد

پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): پولیس ڈاگز بریڈنگ اینڈ ٹریننگ سکول بیدیاں میں پنجاب پولیس کے 06 ریٹائرڈ سراغ رساں کتوں کو گود لینے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید،ڈی آئی جی اظہر اکرم،ایس ایس پی سید ندیم عباس، ایس ایس پی ایڈمن ہیڈ کوارٹرز کامران نواز سمیت نجی تنظیم جے ایف کے کی سی ای او ذوفشاں انوشے نے شرکت کی۔ تقریب میں ریٹائرڈ ہونے والے سراغ رساں کتوں کو شاندار خدمات کے اعتراف میں میڈلز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔پنجاب پولیس اور جانوروں کے حقوق کے لئے سرگرم تنظیم کے ایم او یو کے تحت ریٹائرڈ سراغ رساں کتوں کو نئے مالکان کے حوالے کیا گیا۔شہری ابوبکر نے بزو، احمد مسعود نے مارٹن، مس سمعیہ نے سلی،مس مریم نے ہٹلر جبکہ مسٹر الحبیب نے کروزر نامی کتوں کو گود لیا،اسی طرح اے ایس پی شہربانو نے بھی ٹائی سن نامی کتا گود لیا۔اس موقع پر کتوں کو گود لینے والے شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکی بھرپور دیکھ بھال اور تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید کے مطابق شہریوں کو کتے گود دینے کا مقصد ریٹائرڈ ہونے والے سنائفر ڈاگز کو تاحیات شیلٹر اور اچھی زندگی فراہم کرنا ہے۔ذوالفقار حمید کامزید کہنا تھا کہ سراغ رساں کتوں نے اپنی زندگیاں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی سروس میں گزاریں اور اہم فرائض سر انجام دئیے ہیں۔ اس موقع پر نجی این جی او کی سربراہ ذوفشاں انوشے کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے ساتھ ایم او یو کے تحت سراغ رساں کتوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد بہتر مستقبل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔قبل ازیں سپیشل برانچ پنجاب سے سات سال بعد کتوں کو ریٹائرڈ کر کے زہر کا انجیکشن دیا جاتا تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس روایت کو ختم کرتے ہوئے ریٹائرڈ کتوں کو گود لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔چیف سپروائزر سپیشل برانچ ڈاکٹر محمد عثمان اصغر، سپروائزر ڈاگ سنٹر الطاف حسین، سروس ڈاگز کے ہینڈلرز اور ٹرینرز بھی موقع پر موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button