
سی سی پی اولاہور کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ سیزن 9کے میچوں کے پُرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ اجلاس
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان سپر لیگ سیزن 9کے میچوں کے پُرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں زیر ِالتواء مقدمات پر پیش رفت کابھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی دارالحکومت میں پی ایس ایل سیزن 9 کے تحت9 میچز کھیلنے جائیں گے۔ایس پی ایل میچوں کی سیکورٹی کیلئے7ہزار سے زائد افسران واہلکاران تعینات کئے گئے ہیں۔سی سی پی اولاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہورپولیس پی ایس ایل میچوں کے جامع سیکورٹی پلان پرعمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس ملکی و غیرملکی کرکٹرزاور شائقین کوفول پروف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہا کیا کہ پرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقادیقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔سی سی پی اولاہور نے متعلقہ افسران کو پاکستان سپورٹس بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کرکٹ سٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش اور روٹس کے سکیورٹی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائے جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی اور خواتین شرکاء کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے پی ایس ایل میچوں کے دوران ٹریفک کی روانی کوبرقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاء اینڈآرڈر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سیف سٹی اتھارٹی و دیگر کنٹرول رومز کے ذریعے موثر مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ میچوں کے دوران ڈولفن فورس، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں موثر پٹرولنگ کریں گی۔سی سی پی او نے سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر حالات پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔بلال صدیق کمیانہ نے زیر ِ التواء روڈ سرٹیفکیٹس، بجلی چوری اور زیر ِ تفتیش مقدمات کو جلدیکسو کرنیاوراشتہاریوں و خاموش ملزمان کی گرفتاری کیلئے مربوط کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی(آپریشنز)علی ناصر رضوی،ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن)عمران کشور،ایس ایس پی(آپریشنز)سیدعلی رضا، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (انویسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس پی سیکورٹی اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔