
رواں برس بیرون ملک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی۔
پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، قتل کی 06 سے زائد وارداتوں میں مطلوب خطرناک شوٹر طیب اعجاز دبئی سے گرفتار
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جر منی) : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی اور قتل کی 06 سے زائد وارداتوں میں مطلوب خطرناک شوٹر طیب اعجاز دبئی سے گرفتار کر لیا ہے۔ خطرناک اشتہاری طیب اعجاز کو لے کر پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچ گئی ہے ، سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے خطرناک شوٹر طیب اعجاز کو ٹریس کرکے دبئی سے گرفتار کیا اور انٹرپول کے ذریعے پاکستان منتقل کیا۔ گرفتار اشتہاری طیب اعجاز گوجرانوالہ پولیس کو مختلف تھانوں میں درج 06 سے زائد قتل کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ طیب اعجاز سفاک شوٹر ، قتل کی متعدد وارداتوں کے بعد بیرون ملک مفرور ہوگیا تھا جسے بالآخر گرفتار کر لیا گیا ۔ طیب اعجاز کی گرفتاری سے رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا مزید اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ کوارڈینیشن کو مزید موثر بنایا جائے۔