
حکومت سازی کے مراحل مکمل ہونے سے قبل ہیجان کی کیفیت ملک کیلئے زہر قاتل ہے ‘ اشرف بھٹی
لاہور پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کے مراحل مکمل ہونے سے قبل ہیجان کی کیفیت ملک کیلئے زہر قاتل ہے ،
موجودہ نازک ترین حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، کمشنر راولپنڈی کے بغیر ثبوت الزامات انتہائی مضحکہ خیز ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان ہرگز سیاسی افرا تفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ،جس جماعت یا امیدوار کو انتخابی نتائج پر اعتراض ہے وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے ، انتخابی عذر داریوں کیلئے الیکشن کمیشن ،ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ کے پلیٹ فارم موجود ہیں اس لئے ملک کو ہیجان میںمبتلا نہ کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ تاجر برادری موجودہ حالات میں سخت تشویش میں مبتلا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے فیصلے کریں ، حکومت سازی کے مراحل کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہوسکے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ اپنے سیاسی مفادات کے لئے جھوٹے پراپیگنڈے سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے نہ صرف بیرونی بلکہ مقامی سرمایہ کار بھی محتاط ہو جاتے ہیں جس کے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔