لاہور قلندرز کو بڑا جھٹکا، حارث رؤف کندھے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر
اتوار کو لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ حارث رؤف کندھا اترنے کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چیمپیئن ٹیم لاہور قلندرز کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے کہ سٹار بولر حارث رؤف کندھے کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔اتوار کو لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ حارث رؤف کندھا اترنے کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔حارث رؤف سنیچر کو کراچی کنگز کے خلاف فیلڈنگ کے دوران ایک کیچ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث انہیں فوری طور پر میدان سے باہر لے جایا گیا تھا۔لاہور قلندرز کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بتایا گیا ہے کہ ’حارث رؤف کندھے کے اترنے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ سے باہر ہوگئے ہیں۔‘اس بارے میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’بطور ٹیم ہم حارث رؤف کی انجری پر بہت دکھی ہیں۔ انہیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوتا دیکھ کر بہت دکھ ہوا کیونکہ وہ ہماری طاقت کے مینار ہیں اور اُن کی کمی محسوس ہوگی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ فرنچائز کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے لیکن وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھی اہم بولر ہیں اور ہم نے آنے والے دنوں میں بہت کرکٹ کھیلنی ہے۔‘اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے حارث رؤف کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔خیال رہے پی ایس ایل 9 میں حارث رؤف نے چار میچز کھیلے ہیں جس میں وہ صرف دو وکٹیں ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔