اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سُنی اتحاد کونسل میں کیوں شامل نہیں ہوئے؟

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آزاد حیثیت سے رکن صوبائی اسمبلی کا حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کی قیادت نے آزاد امیدواروں کو سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کی ہدایت کی جس پر عمل کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے نومنتخب آزاد اراکین نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر لی۔پارٹی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے تمام نومنتخب ارکان بھی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے تاہم نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ابھی تک شمولیت نہیں کی۔
علی امین گنڈا پور نے شمولیت کا حلف کیوں نہیں دیا؟
خیبرپختونخوا سے سنی اتحاد کونسل میں اب تک 89 نومنتخب اراکین میں سے 88 اراکین نے شمولیت کی ہے مگر نامزد وزیراعلیٰ علی امین نے حلف نہیں دیا۔ اسی لیے ان کی حیثیت تاحال آزاد امیدوار کی ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان ایڈووکیٹ معظم بٹ نے موقف اپنایا کہ مخصوص مدت کے لیے گنڈاپور آزاد حیثیت سے امیدوار ہیں تاہم بعدازاں ان کو کسی پارٹی کا حصہ بننا پڑے گا۔ایڈووکیٹ معظم بٹ نے بتایا کہ ’کب اور کس پارٹی میں شمولیت کرنی ہے، یہ تمام فیصلے پارٹی کی قیادت کی ہدایت پر ہوں گے۔‘سینئیر صحافی ارشد عزیز ملک نے بتایا کہ ’قانونی تقاضا پورا کرنے کے لیے علی امین گنڈاپور سنی اتحاد کونسل میں شامل نہیں ہوئے، وہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں صوبائی صدارت کے عہدے کے لیے انتخابات لڑیں گے جس کے لیے آزاد حیثیت میں ہونا لازمی ہے۔‘انہوں نے کہا ’علی امین گنڈاپور آزاد حیثیت سے اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے لیے بھی امیدوار ہوں گے جن کو واضح اکثریت حاصل ہے۔‘ارشد عزیز ملک کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر صوبے میں پارٹی کی باگ ڈور اور تمام تر ذمہ داریاں علی امین گنڈاپور کے حوالے کی گئی ہیں جن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا سے نومنتخب ایم این اے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور علی اصغر نے بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ سے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ 28 فروری بروز بدھ کو خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف لیا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button