
رواں برس بیرون ملک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی۔
پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، قتل کی واردات میں 20 برس سے مطلوب خطرناک ملزم سعودی عرب سے گرفتار
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی) : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل کی واردات میں 20 برس سے مطلوب خطرناک ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا یے۔ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اشتہاری عابد حسین نے 2004 میں تھانہ سوہدرہ میں شہری کو گولی مار کر قتل کیا تھا ، ملزم واردات کے بعد روپوش ہو کر بیرون ملک فرار ہوگیا تھا، پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا ، ملزم کو ٹریس کرکے سعودی عرب سے گرفتار کروایا ، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مجرم اشتہاری کو پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری مجرم کو گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل ٹیم کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔