انٹرٹینمینٹاہم خبریںتازہ ترین

’میری زندگی پھولوں کی سیج نہیں تھی‘، اننت امبانی کی جذباتی تقریر

اننت امبانی نے کہا کہ ’آپ کا شکریہ ماں، آپ نے جو کچھ کیا۔ یہ سب میری ماں نے بنایا ہے اور کسی نے نہیں۔ میری والدہ نے پچھلے چار مہینوں سے 18-19 گھنٹے کام کیا ہے۔ میں اپنی والدہ کا مشکور ہوں۔‘

انڈیا کے دوسرے سب سے امیر شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی اپنی شادی سے قبل تقریب میں جذباتی تقریر کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہا ہے۔
ویڈیو میں اننت امبانی نے اپنی شادی سے قبل منعقدہ تقریب میں سب سے پہلے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ان کا سپورٹ سسٹم ہیں خاص طور پر اُس وقت جب وہ صحت کے مسائل سے لڑ رہے تھے ان کے والدین نے اُن کی ہمت بندھائی۔
اس ویڈیو میں مکیش امبانی کو اپنے آنسوؤں کو ضبط کرنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اننت امبانی نے کہا کہ ’آپ کا شکریہ ماں، آپ نے جو کچھ کیا۔ یہ سب میری ماں نے بنایا ہے اور کسی نے نہیں۔ میری والدہ نے پچھلے چار مہینوں سے 18-19 گھنٹے کام کیا ہے۔ میں اپنی والدہ کا مشکور ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ میری زندگی پھولوں کی سیج نہیں رہی، میں نے اپنی زندگی میں بہت مشکل وقت دیکھا ہے۔ مجھے بچپن سے ہی صحت کے مسائل کا سامنا تھا لیکن میرے والد اور والدہ نے کبھی مجھے محسوس نہیں ہونے دیا۔ انھوں نے مجھے یہ احساس دلایا ہے کہ اگر میں (کچھ کرنے کے بارے میں) سوچوں گا تو میں اسے کروں گا۔ میں ہمیشہ ان کا شکر گزار رہوں گا۔‘
اپنی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے حوالے سے اننت امبانی نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔ ’مجھے یہ بھی نہیں معلوم کہ میں نے رادھیکا کو کیسے پا لیا۔‘
انہوں نے کہ اگرچہ وہ انہیں سات سال سے جانتے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ کل ہی ملے ہیں۔ ’ہر روز میں زیادہ سے زیادہ محبت کرنے لگتا ہوں۔ رادھیکا کو دیکھ کر میرے دل میں زلزلے اور سونامی آتے ہیں۔‘
انڈیا کی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی اور اس سے جُڑی تقریبات اس وقت انٹرنیٹ پر وائرل ہیں۔
بالی وڈ خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق شادی کی تین روزہ تقریبات کے حوالے سے اس وقت اننت امبانی، رادھیکا مرچنٹ اور امبانی خاندان ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں موجود ہیں۔
ان تقریبات میں حصہ لینے کے لیے بالی وڈ کے نامی گرامی ستارے بھی وہاں موجود ہیں۔ ان میں شاہ رخ خان اور کرینہ کپور سے لے کر عالیہ بھٹ اور کیارا ایڈوانی جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
میکش امبانی اور ان کی ٹیم نے شادی کی تین روزہ تقریبات کے حوالے سے منفرد منصوبے بنائے ہوئے ہیں۔ جمعے کی رات ایک پارٹی سے ان تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ سنیچر کو ایک ’جنگل تھیم‘ پارٹی منعقد ہوئی۔ اتوار کو انڈین ثقافت کے رنگوں سے مزین تقریب ہو گی۔
پہلے دن کی پارٹی میں شاہ رخ خان، سیف علی خان، سدھارتھ ملہوترا، رنویر سنگھ، سونم کپور، کرینہ کپور اور دیپکا پاڈوکون سمیت مخلتف فنکاروں نے شرکت کی۔ ان میں سے کچھ نے روایتی لباس زیب تن کر رکھے تھے جبکہ بعض جدید فیشن کے مغربی ملبوسات میں امریکی گلوکارہ ریحانہ کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔
اننت اور رادھیکا 12 جولائی 2024 کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ رادھیکا مرچنٹ گجرات کے صنعت کار انکور ہیلتھ کیئر کے سی ای او ویرن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔
رادھیکا مرچنٹ کا تعلق گجرات سے ہے لیکن وہ کئی برسوں سے ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اننت امبانی کی والدہ نیتا امبانی نے 2017 میں ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اننت امبانی دمے کی بیماری کا شکار تھے جس کے باعث انہیں بہت زیادہ سٹیرائڈز لینا پڑتے تھے۔
دمے کے بیماری کے لیے لی جانے والی ادویات کے باعث اننت امبانی کا وزن بہت تیزی سے بڑھ گیا تھا۔
اننت امبانی کا وزن 208 کلو تک جا پہنچا تاہم اُن کے فٹنس کوچ ونود چنا نے انہیں وزن کم کرنے میں بھرپور معاونت کی جس کے بعد انہوں نے 18 مہینوں میں 108 کلو وزن کم کر لیا۔
اس سے قبل اس جوڑے کی منگنی کی شاندار تقریب ریلائنس گروپ کے مالک مکیش امبانی کی رہائش گاہ انتالیا میں منعقد ہوئی تھی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button