
لاہور پولیس تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کی بھر پور معاونت کر رہی ہے۔سی سی پی او لاہور
لاہور پولیس کا تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ آپریشن، تجاوزات کے خلاف 66مقدمات درج،87ملزمان گرفتار
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):لاہور پولیس کا تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ آپریشن جاری ہے۔اس ضمن میں رواں سال اب تک تجاوزات کے خلاف 66مقدمات درج کرکے87ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔یہ بات کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔انہوں نے کہاکہ لاہور پولیس تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کی بھر پور معاونت کر رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ انسدادِ تجاوزات آپریشن میں ناجائز قابضین کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ دکانداراور ریڑھی بان حضرات تجاوزات کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد عوام کے اپنے مفاد میں ہے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔