مختلف برانڈز کے روزانہ لاکھوں جعلی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پر ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو کا چھاپہ۔
ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
جنوبی پنجاب پاکستان (نما ئندہ وائس آف جرمنی): ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو ملتان کی بڑی کارروائی ،ملکی خزانے کو کروڑوں روپے کے ٹیکسز کا نقصان پہنچانے والی سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹری سیل کر دی ،فیکٹری جلالپور پیروالا میں عرصہ دراز سے قائم تھی اور مختلف برانڈز کے روزانہ لاکھوں جعلی سگریٹ بنائے جا رہے تھے -تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو ملتان رائے علی عدنان خان کو خفیہ ذرائع سے جلالپور پیروالا میں جعلی سگریٹ فیکٹری کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ذوالفقار علی کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر شرافت علی اور دیگر افسران نے فیکٹری پر چھاپہ مارا،دوران تلاشی سگریٹ کی بھاری مقدار کے علاوہ تمباکو اور سگریٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والے دیگر سامان بشمول جعلی پیکنگ برآمد ہوا جسے قبضہ میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا گیا اور غیر قانونی سیگریٹ سازی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ سگریٹ فیکٹری کسی طرح کی قانونی رجسٹریشن اور ایف بی آر کی منظوری کے بغیر کام کر رہی تھی جس سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ،سیلز ٹیکس و انکم ٹیکس کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا۔ ڈائیریکٹر انٹیلیجنس رائے علی عدنان خاں نے کامیاب کارروائی پر ٹیم کو مبارک باد دی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔