اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کے خلاف بلوچستان میں احتجاج، عدالتوں کا بائیکاٹ

وکلا نے بھی حکومتی کارروائی کے خلاف صوبے بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ پشتونخوا میپ نے منگل کو صوبے بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کردیا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے پارٹی کے سربراہ اور صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف نے کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیا۔
وکلا نے بھی حکومتی کارروائی کے خلاف صوبے بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ پشتونخوا میپ نے منگل کو صوبے بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ محمود خان اچکزئی کے گھر نہیں بلکہ اس سے ملحقہ اڑھائی کینال سرکاری اراضی پر قبضہ واگزار کرایا گیا ہے۔
تاہم پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے اس کارروائی کو چادر و چار دیواری کی پامالی قرار دے دیا اور کہا کہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں تقریر کرنے کی سزا دی گئی۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کوئٹہ میں ٹیکسی سٹینڈ کے قریب واقع پارٹی دفتر سے ریلی نکالی جو انسکمب روڈ، منان چوک سمیت مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی شہر کے مرکزی حصے باچا خان چوک پر جلسے میں تبدیل ہوگئی۔
جلسے سے پشتونخوا میپ کے جنرل سیکریٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر قہار خان ودان، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، کبیر افغان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کے خلاف ہرنائی، چمن، دکی، قلعہ سیف اللہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
پشتونخوا میپ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کو آئین اور جمہوریت کی بالادستی کی بات کرنے پر سزا دی جارہی ہے تاہم پشتونخوا میپ حکومتی کارروائیوں سے مرعوب نہیں ہوگی اور اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی اور ان کے والد عبدالصمد خان اچکزئی نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کے والد نے انگریز سرکار اور فوجی آمریت کے خلاف آواز بلند کی اور محمود خان اچکزئی بھی اسی راستے پر کاربند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل ضیا الحق کی آمریت میں پشتونخوامیپ کے کارکنوں پر فائرنگ کرکے ان کا قتل کیا گیا اسی طرح پرویز مشرف دور میں بھی یہ حربے استعمال کیے گئے مگر پشتونخوا میپ اپنی پچاس سالہ تاریخ میں کبھی آئین اور جمہوریت کی جنگ سے پیچھے نہیں ہٹی اور نہ آئندہ سمجھوتہ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے خود کو ملک کی جمہوری جماعتیں کہلانے والی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن بھی آئین کی پامالی میں غیر جمہوری قوتوں کی ہمکار بنی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب محمود خان اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف بلوچستان بار کونسل، ہائی کورٹ بار اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔
بائیکاٹ کے دوران وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button