سی سی پی او لاہور کی زیر ِصدارت کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی بارے اجلاس
آپ ایک ڈسپلن فورس سے تعلق رکھتے ہیں، بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں، افسران پروفیشنل پولیسنگ پر توجہ دیں۔بلال صدیق کمیانہ
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہورپی او بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت سی سی پی او آفس میں کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی بارے اجلاس منعقد ہوا۔جس میں دونوں ڈویژنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ سی سی پی او لاہورنے بھاری مقدار میں منشیات پکڑنے پر ایس ایچ او غازی آباد کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور سنیچنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے۔اجلاس کے دوران جھپٹہ گینگز کے قلع قمع کیلئے سفید پارچات میں ڈیکائے لگانے اورعادی چوروں، ڈاکوؤں اور اشتہاریوں کے خلاف مربوط کریک ڈاؤن سے متعلق مختلف سیکورٹی امور زیر غور رہے۔سی سی پی او لاہور نے جیب تراشی جیسے آرگنائزڈ کرائم میں ملوث افرادکی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ترتیب دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کا ہرافسر وجوان کرائم کنٹرول پر فوکس کرتے ہوئے عوامی خدمت کو یقینی بنائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ آپ ایک ڈسپلن فورس سے تعلق رکھتے ہیں، بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور پروفیشنل پولیسنگ پر توجہ دیں۔انہوں نے خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کے ساتھ ساتھ رمضان بازاروں اور خریدار حضرات کی سیکورٹی کے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی عزت و آبرو اور جان و مال کا تحفظ پولیس کا اہم فریضہ ہے۔اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز)سید علی رضا،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔