وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں 20ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی
پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی،فیصل آبا د اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیگی،9مئی سے بائیک پراجیکٹ لانچ ہوگا عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت کو بوجھ اٹھا نا ہو گا: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ٹرانسپورٹ پراجیکٹ پر اجلاس میں گفتگو
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں 20ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی ہر تحصیل میں طالبات کے لئے سکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا ہے اور طلبہ کے لئے ایڈوانس کی رقم کم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوام معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، حکومت کو بوجھ اٹھا نا ہو گا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی،فیصل آبا د اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیگی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 9مئی سے بائیک پراجیکٹ کولانچ کر دیا جائے گا اور مئی میں ہی ڈلیوری شروع ہو جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بڑے شہروں میں آمد ورفت کی بہترین سہولتوں کیلئے 657بسوں کی فراہمی کے پلان منظور دے دی اور وزیر ٹرانسپورٹ کو مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیر پرویز رشید،وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،وزیرٹرانسپورٹ بلال اکبر خان،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سیکرٹری فنانس،ایم ڈی ٹی پی آر اے،صدر بینک آف پنجاب،پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او،پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔