صارفین بجلی کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے لیسکوچیف ایگزیکٹو کی جانب سے ای- کچہری کا انعقاد
لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں ڈی جی امپلیمنٹیشن طارق عثمان،انچارچ کمپلینٹ سیل رانا رضوان صبغت اللہ، اور اسسٹنٹ منیجر کمپلینٹ سیل فرحان شکیل بھی موجود تھے جبکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی آن لائن شرکت کی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر نے آج ای کچہری میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں ڈی جی امپلیمنٹیشن طارق عثمان،انچارچ کمپلینٹ سیل رانا رضوان صبغت اللہ، اور اسسٹنٹ منیجر کمپلینٹ سیل فرحان شکیل بھی موجود تھے جبکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی آن لائن شرکت کی۔لیسکو کی جانب سے منعقد کی جانے والی ای کچہری میں ریجن کے تمام سرکلز کے صارفین بھی اپنے مسائل کے بروقت حل کے لئے بھرپور شرکت کرتے ہیں۔آج منعقد ہونے والی لیسکو کی ای-کچہری میں مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوئیں جن میں زیادہ تر شکایات نئے میٹرز کی تنصیب اور خراب میٹروں کی تبدیلی میں تاخیر سے متعلق شکایات شامل ہیں۔کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر نے موصول شدہ شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کیں۔ ڈائریکٹر کسٹمر سروسز نے تمام افسران پر زور دیا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔واضح رہے کہ ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔ ای کچہری کے دوران صارفین کا اپنے پیغامات میں کہنا تھا کہ لیسکو چیف کامیاب ای کچہری کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی وجہ سے صارفین کو اپنی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے ایک ایسا فورم ستیاب ہے جہاں وہ باآسانی بناء دفاتر کے چکر لگائے اپنی شکایات کو درج کرواکر ریلیف حاصل کرسکتے ہیں۔