
صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس
پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے تحت 3000بھارتی شہریوں کو ویساکھی میلہ میں شرکت کے لئے ویزے جاری کئے جا سکتے ہیں
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر مذہبی اقلیتی امور /پردھان پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت ماہ اپریل میں ” ویساکھی میلہ اور 325ویں خالصہ جنم دن “ تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میں کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس متروکہ وقف املاک بورڈ کے کمیٹی روم میں کیا گیا ۔ دوران اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے ویساکھی میلہ 2024 اور خالصہ جنم دن تقریبات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے تحت 3000بھارتی شہریوں کو ویساکھی میلہ میں شرکت کے لئے ویزے جاری کئے جا سکتے ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے ویساکھی میلہ تقریبات کے انعقاد کے لئے شیڈول کی منظوری دے دی ہے، یاتری 13 اپریل کو واہگہ چیک پوسٹ راستے پاکستان پہنچیں گے۔ یاتریوں کو پاکستان میں قیام، طعام، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی اوران کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوباءی وزیر اقلیتی امور سردار رامیشن سنگھ اروڑا نے سیکورٹی سمیت اعلی انتظامات پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی بہترین مہمان نوازی و خاطر داری کی جائے اور یاتریوں کو سیکورٹی، ٹرانسپورٹ میڈیکل اور رہائش کی بہترین و فول پروف سہولیات یقینی بنائ جائیں۔رمیش سنگھ اروڑہ نے واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کے احکامات دے رکھے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سکھ کمیونٹی کو صوبائی کابینہ میں شامل کر کے پیغام دیا ہے کہ وہ ملکی اقلیتوں کی فلاح ، ترقی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے حوالے سے ترجیحات کا تعین کئے ہوئے ہیں۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ تمام وفاقی،صوبائی اور ضلعی ادارے ایک پیج پر ہیں، مہمانوں کی سیوا کرنا ہمار فرض ہے ، اور ہم اپنا فرض بخونی سر انجام دیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ثناءاللہ خان، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز ندیم دھریجو، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن پی ایم یو کرتار پور سیف اللہ کھوکھر ،بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی سمیت پاکستان ریلوے ، پنجاب رینجرز، اے ایس ایف، پی آئی ڈی، امیگریشن، کسٹمز، پولیس فورس سپیشل برانچ ، آئی بی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندگان نے شرکت کی۔