کھیل

پی ایس ایل 9 فائنل: ابتدائی نقصان کے بعد اسلام آباد کی بیٹنگ مستحکم 100 رنز مکمل، مارٹن گپٹل کی نصف سینچری

ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

پاکستان سپر لیگ 9 کے کراچی نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 12 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت اعظم خان اور مارٹن گپٹل وکٹ پر موجود ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
ہدف کے تعاقب کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے پراعتماد اور تیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ابتدائی تین اوورز میں اسلام آباد نے بغیر وکٹ گنوائے 26 رنز بنائے۔
ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب کولن منرو 17 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔
ون ڈاؤن آنے والے آغا سلمان اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے اور خوشدل شاہ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہو جانے سے پویلین لوٹے۔
کپتان شاداب خان آٹھ گیندوں پر صرف چار رنز بنا افتخار احمد کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی اننگز
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں کپتان محمد رضوان نسیم شاہ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔
لیکن وہ خوش قسمت رہے اور تھرڈ امپائر نے اس گیند کو نو بال قرار دے دیا۔
اس کے بعد سلطانز کی وکٹ بچانے کی خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور دوسرے اوور کی تیسری گیند پر اوپنر یاسر خان صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ون ڈاؤن پر آنے والے ڈیوڈ ولی کو عماد وسیم نے صرف چھ رنز پر بولڈ کیا۔
عثمان خان اور محمد رضوان کی عمدہ بلے بازی نے نہ صرف تیزی سے گرتی وکٹوں کو بچایا بلکہ 50 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم کی۔
محمد رضوان نے 26 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر مارٹن گپٹل نے ان کی کیچ لیا۔
جانسن چارلس اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
عثمان خان ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد خوشدل شاہ 11، اسامہ میر چھ، کرس جارڈن صفر اور عباس آفریدی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
افتخار احمد نے وکٹ سنبھالی اور آخری اوورز میں اسلام آباد پر چوکوں اور چھکوں کی برسات کر دی۔
افتخار احمد نے تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد علی صفر کے ساٹھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے زبر دست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کی آدھی ٹیم(پانچ کھلاڑی) کو پویلین بھیجا جبکہ شاداب خان نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں۔
10 مارچ کو راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
تاہم 20 فروری کو ملتان سلطانز نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
فائنل اور اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی مہمان خصوصی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کو دو مرتبہ لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ بھی دو مرتبہ فائنل میں پہنچی اور فتح اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل سیزن 2016 اور 18 کی فاتح ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون
کولن منرو، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ اور ٹائمل ملز اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیون
محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد علی اور عباس آفریدی ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button