مشرق وسطیٰ

لیسکو اپنے ملازمین کے حقوق کی پاسداری کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے،شاہد حیدر

دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو تقرر نامے دینے کی تقریب، تقریب میں 18ملازمین کے ورثاء جن میں خواتین بھی شامل ہیں، میں ملازمت کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے، ترجمان لیسکو

لاہورپاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو نہ صرف صارف دوست کمپنی ہے بلکہ وہ اپنے20500 سے زائد ملازمین کے حقوق کی پاسداری کیلئے بھی ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ لیسکو کے دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کیلئے بھی ملازمتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے والدین کی طرح کمپنی کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے ان خیالات کا اظہار دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو تقرر نامے دینے کیلئے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب، پی آر او رائے مسعود کھرل، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان اور لیسکو ورکرز یونین کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔لیسکو ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر18ملازمین کے ورثا جن میں خواتین بھی شامل ہیں، میں ملازمت کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔
ملازمین کے بچوں میں اکاؤنٹ اسسٹنٹ، کمرشل اسسٹنٹ، یو ڈی سی، لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈIIـ، ایس ایس اوIIـ، ایل ڈی سی، اسسٹنٹ لائن مین اور نائب قاصدکیڈرکے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر اور ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بھرتی ہونے پر تمام افراد کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بھی اپنے والدین کی طرح اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری سے سر انجام دیں گے۔
اس موقع پر آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان نے لیسکو انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور بھرتی ہونے والے تمام ملازمین کو مبارکباد دی اور بھرتی ہونے والے لائن سٹاف کو خصوصی طور پر سیفٹی قوانین پر ہر صورت عمل درآمد کرنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا یہ لیسکو کی ایک اچھی روایت ہے اور باقاعدگی کے ساتھ اس تقریب کا کامیابی سے انعقاد کرنے پر ایچ آر ڈیپارٹمنٹ مبارکباد کا مستحق ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button