کاروبار

عوام کی سہولت کیلئے رمضان اور ماڈل بازاروں میں خریداری کاؤنٹرز بڑھا نے کا فیصلہ

ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں رمضان پیکیج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے رمضان اور ماڈل بازاروں میں خریداری کاؤنٹرز بڑھا نے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج کی مانیٹرنگ کے حوالے سے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں رمضان پیکیج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان پیکیج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر جاری ہے، اب تک 40 لاکھ 62 ہزار سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جا چکا ہے۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ پیاز کی سپلائی بہتر ہوئی ہے، انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ فالتو سٹوریج کے لئے اقدامات کئے جائیں، ماڈل بازاروں میں آٹے کے سٹالز پر وزن کرنے والے اوزان لگائے جائیں۔
وزیر انڈسٹریز نے کہا کہ رمضان اور ماڈل بازاروں میں قائم فیئر پرائس شاپس میں عوام جائیں، وہاں پر تمام اشیا پر 20 سے 25 روپے کمی کی گئی ہے، حکومتی اقدامات کے باعث اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔
صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے لئے غیر مصدقہ گھرانوں کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، پیاز، آلو اور ٹماٹر کی سپلائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء نے ڈویژنل کمشنرز کو پولٹری کے ریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے، سپلائی کو بہتر بنانے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے احکامات جاری کئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button