
بچوں،ملازمین اور گھریلو تشدد کے واقعات کیوں نہیں رک رہے، قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے
منشیات فروشوں کیخلاف ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ کیس بنانے او رتعلیمی ادارو ں میں منشیات کی آن لائن ترسیل روکنے کا قانونی میکنزم وضع کرنے کی ضرورت پر زور
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دھاتی تار بنانے،بیچنے اور خریدنے پر کریک ڈاؤن کاحکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔ آئی جی پولیس نے امن وامان کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کرائم پر ڈیلی رپورٹ طلب کر لی اور پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے دھاتی تار کے بارے میں زیروٹالرنس کی پالیسی اپنانے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اسلحہ کی سرعام نمائش روکنے کے لئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کاحکم دیاہے۔ اجلاس میں منشیات کی ترسیل روکنے کے لئے فول پروف میکنزم تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ بڑے منشیات فروشوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ کیس بنائے جائیں او رتعلیمی ادارو ں میں منشیات کی آن لائن ترسیل روکنے کا قانونی میکنزم وضع کرنے کی ضرورت کاجائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں کئی بھی نو گو ایریا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پتنگ بازی کے پے درپے واقعات پر تشویش کااظہار کیا اور کہاکہ پتنگ کے دھاتی تار سے جاں بحق بچے کی ویڈیودیکھ کر دل کانپ گیا، معصوم بچے کی جان جانے سے والدین کی تو دنیا ہی تباہ ہوگی، انہوں نے کہاکہ پتنگ بازی کے سدباب کے لئے قانون موجود ہے لیکن پھر بھی لوگ جان سے جا رہے ہیں، قانون پر عملدرآمد کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ کیس رجسٹرڈ کرنا ہی کافی نہیں، ملز م کو سزا ہونی چاہیے- وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ زیادتی کے واقعات میں کمی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، ریپ کیسز میں ملزم کو سزا دے کر نشان عبرت بنایاجائے، بچوں،ملازمین او رگھریلو تشدد کے واقعات نہ رکنا افسوسناک امر ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری،معاون خصوصی ذیشان ملک،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، آئی جی، سی سی پی او، ایڈووکیٹ جنرل، کمشنر اور ڈپٹی کمشنربھی موجود تھے جبکہ صوبائی سیکرٹری داخلہ، تمام کمشنرز، آر پی او ز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی –