شاندار اننگز کے باوجود یوراج سنگھ نے سن رائزرز حیدرآباد کے بیٹر ڈانٹ دیا
بدھ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا کھیلا گیا آٹھواں میچ بیٹرز کے لیے سہانا جبکہ بولرز کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سن رائزر حیدآباد نے ممبئی انڈینز کے خلاف آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا ڈالا۔
سن رائرز حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔
سن رائزرز کی جانب سے ہینرک کلاسین 34 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ابھیشیک شرما نے 23 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔
ابھیشیک شرما اس اننگز میں سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے آئی پی ایل کی تاریخ میں تیز ترین ففٹی بنانے والے بیٹر بھی بن گئے۔
انہوں نے 16 گیندوں پر نصف سینچری سکور کی۔
سن رائزرز کی جانب سے ہدف کے جواب میں ممبئی انڈینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنا سکی۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے تلک ورما نے 64، ٹم ڈیوڈ نے 42 جبکہ اشان کشن نے 34 رنز بنائے۔
ممبئی انڈینز کے خلاف اپنی ٹیم کے لیے نیا ریکارڈ بنانے اور دھواں دھار اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے باوجود ابھیشیک شرما کو سابق انڈین آل راؤنڈر یوراج سنگھ سے ڈانٹ پڑ گئی۔
یوراج سنگھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں ابھیشیک شرما کو آؤٹ ہونے کے انداز پر ڈانٹ پلائی۔
یہاں واضح رہے کہ یوراج سنگھ ابھیشیک شرما کے آئیڈل اور مینٹور ہیں۔
سکرین شاٹ
یوراج سنگھ اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’واہ سر ابھیشیک واہ، شاندار اننگز لیکن کیا اچھی شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے ہو۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ تمہارے لیے خاص جوتا انتظار کر رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ ابھیشیک شرما لیگ سپنر پیوش چاؤلہ کی گیند پر اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں نمن دِھیر کے ہاتھوں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔