الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں 18 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جس میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں، بلوچستان کی 7 جنرل نشستوں، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ اور علما کی نشستیں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے سینٹ کی 48 خالی نشستوں پر انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن پروگرام کا نوٹیفکیشن 14 مارچ 2024ء کو جاری کیا جس کے مطابق سینٹ کی 29 جنرل، 8 خواتین، 9 ٹیکنو کریٹ اور علما اور 2 غیر مسلم کی نشستوں پر انتخاب مورخہ 2 اپریل 2024 کو ہونا ہے۔
اس انتخاب کے لیے کُل 147 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
’ریٹرننگ افسران نے امیداروں کی حتمی لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق 18 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں جس میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں، بلوچستان کی 7 جنرل نشستوں، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ اور علما کی نشستیں شامل ہیں۔‘
اب مورخہ 2 اپریل 2024 کو سینٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب ہوگا جس کی تفصیل یہ ہے۔
فیڈرل کپیٹل ایک جنرل، ایک ٹیکنو کریٹ، پنجاب کی 2 خواتین، 2 ٹیکنو کریٹ اور علما، ایک غیر مسلم، سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین، 2 ٹیکنو کریٹ اور علما، ایک غیر مسلم، خیبرپختو نخوا کی 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ کی نشستیں شامل ہیں اور ان پر 59 امیدواران مد مقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹ انتخابات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ بیلٹ پیپرز کی طباعت اور ریٹرنگ افسران کو الیکشن میٹریل کی ترسیل کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔