
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت پی ڈی ایم کا تسلسل ہے جس نے ان کے قائد عمران خان کو گرفتار کیا اور پی ٹی آئی سے انتخابی نشان چھینا۔
عمر ایوب نے کہا ’ہم اس وقت تک کھڑے رہیں گے جب تک عمران خان وزیر اعظم کا حلف نہیں اٹھا لیتے۔‘
عمر ایوب کی تقریر کے دوران مسلم لیگ ن کے اراکین نے گھڑی چور کے نعرے لگائے۔
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے کہا کہ یہاں موجود ن لیگ اور باقی پارٹیوں کے ارکان کے چہرے مرجھائے ہوئے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے ان کا مینڈیٹ چوری شدہ ہے۔
’یہاں موجود مسلم لیگ ن اور دیگر پارٹیوں کے ایم این ایز فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ فارم 45 کے ایم این اے آتے تو آج ہماری تعداد 180 ہوتی۔ جو ریزرو سیٹ ملا کر 200 سے زائد تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کا الیکشن غیر قانونی ہے۔
تقریر کے دوران مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین ایک مرتبہ پھر ڈائس کے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔