نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
دورہ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت مائیکل بریسول کریں گے۔
پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے نو اہم کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
اس سیریز کے دوران آئی پی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں میں کین ولیمسن، رچن رویندرا، ٹرینٹ بولٹ، ڈیوون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ڈیرل مچل، گلین فلپس اور مچل سینٹنر شامل ہیں۔
اسی طرح وِل ینگ کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں نوٹنگھم شائر کی نمائندگی کرنے کی وجہ سے سکواڈ کا حصہ نہ بن سکے جبکہ ٹام لیتھم کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کے باعث وہ یہ سیریز نہیں کھیلیں گے۔
فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی بھی ہوم کرکٹ سیزن کے بعد آرام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب مائیکل بریسول مارچ 2023 کے بعد پہلی مرتبہ کیوی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
نیوزی لینڈ کا سکواڈ
پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے نیوزی لیںڈ کے سکواڈ میں مائیکل بریسویل (کپتان)، فِن ایلن، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فوکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول مککونچی، ایڈم ملن، جمی نیشم، وِل او رُورکے، ٹم روبنسن، بین سیئرز، ٹِم سائفرٹ اور اِش سوڈھی شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز 18 اپریل سے کھیلی جائے گی۔
سیریز کے پہلے تین میچ 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آخری دو میچ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں ہوں گے۔